Oct ۰۱, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  •  زاہدان کے اہلسنت عالم دین مولوی عبدالحمید نے کل کے واقعہ کی مذمت کی

زاہدان کے اہلسنت عالم دین مولوی عبدالحمید نے کل کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوام دشمن کے پروپگنڈوں میں نہ آئیں اور پر امن رہیں ۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے مرکزی شہر زاہدان کی مسجد مکی کے امام جمعہ اور اہلسنت عالم دین مولوی عبدالحمید اسماعیل زہی نے کل نماز جمعہ کے بعد رونما ہونے والے دہشتگردانہ واقعات پر کہا کہ رونما ہونے والے واقعات ناگوار اور تلخ ہیں اور ان کی تحقیقات ہونی چاہئیں تا کہ پتہ چلے  کہ اس میں کون  لوگ ملوث تھے۔

مولوی عبدالحمید اسماعیل زہی نے عوام سے اتحاد و اتفاق سے رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمیں آپس میں اتحاد کی ضرورت ہے تا کہ امن و امان قائم ہو جائے۔

صوبہ سیستان و بلوچستان کی امن و امان برقرار کرنے والی کونسل نے بھی ک ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کچھ شرپسند عناصر نے فائرنگ کر کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی اہکاروں کی  تیاری  اور بر وقت کارروائی سے حالات  پر قابو پا لیا گیا۔

واضح رہے کہ کل زاہدان میں نماز جمعہ کے بعد مسجد مکی کے قریب دہشتگردوں اور شرپسندوں کی فائرنگ سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے انٹیلی جنس کے صوبائی کمانڈر «سیدعلی موسوی» اور نائب کمانڈر "سید حمید رضا هاشمی" شہید ہو گئے۔

عالمی سامراج سے وابستہ عناصر اور جیش الظلم کے مسلح دہشتگردوں نے کئی تھانوں اور سیکیورٹی کے اداروں پر حملہ کیا اور اندھا دھند فائرنگ کی اور سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کیں۔ جس کے نتیجے میں کئی عام شہری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان زخمی اور کئی دہشتگرد اورشرپسند عناصر ہلاک ہوئے۔

عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

ٹیگس