یوکرین جنگ میں ایرانی ڈرون استعمال نہیں ہو رہے ہیں ، ترجمان وزارت خارجہ
اسلامی جمہوریہ ایران یوکرین کے تنازع کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے۔
سحر نیوز/ ایران:اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے یوکرینی حکام کے اس بیان کے بارے میں کہ یوکرین کی جنگ میں روس ایران کے ڈرون طیارے استعمال کر رہا ہے کہا کہ اس قسم کی خبریں من گھڑت ہیں اور ایران اس کی تائید و تصدیق نہیں کرتا۔
ناصر کنعانی نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یوکرین کے تنازعہ کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی ہر کوشش کی حمایت اور ان کوششوں میں مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہنے کا اعلان کرتا ہے۔
انہوں نے یوکرین کے لوہانسک، ڈونیٹسک، خرسن اور زاپروژیا کے علاقوں میں ریفرنڈم کے انعقاد اور ان علاقوں کو روس کے ساتھ الحاق کے بارے میں ایران کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ کی طرح اپنے اصولی موقف کے مطابق، بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصول کے طور پر تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے اصول کے مکمل احترام اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے احترام کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
ناصرکنعانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ امن، استحکام اور سکون کی راہ میں خلل ڈالنے والے کسی بھی اشتعال انگیز اقدام سے گریز کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین میں تباہ کن جنگ کی آگ جو کہ امریکہ کی قیادت میں نیٹو کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے نتیجے میں لگی، اب بھی بھڑک رہی ہے اور کشیدگی اور تصادم کو کم کرنے کی کوششیں بعض فریقوں کی کارروائیوں کی وجہ سے نتیجہ تک نہیں پہنچ سکیں ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یوکرین کے تنازع کے پرامن حل تک پہنچنے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے اور اس عمل میں مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہنے کا اعلان کر چکا ہے۔