دشمنوں کی فتنہ انگیزیوں پر صدر رئیسی کی تاکید
صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ایران کے بابصیرت عوام نے ثابت کردیا ہے کہ ان میں وقت کے تقاضوں اور دشمنوں کو پہچاننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران حالیہ بلووں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے پورے ملک میں دسیوں لاکھ کی تعداد میں نکل کر بلوائیوں اورشرپسندوں سے اپنی نفرت و بیزاری اور ساتھ ہی اسلامی انقلاب کی حمایت کا اعلان کیا اور دشمنوں کی سازشوں پر پانی پھیر دیا۔
صدر رئیسی نے ارکان پارلیمنٹ سے اپنے خطاب میں کہا کہ باشعور اور بابصیرت لوگ ایران کے خلاف دشمنوں کے ان فتنوں اور سازشوں کی وجہ کو بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور ہمارے عوام سے دشمنوں کی عداوتوں کی وجہ یہ ہے کہ وہ دیکھ رہے ہیں کہ ان کی تمام دھونس دھمکیوں اور پابندیوں کے باوجود ایران ترقی کی راہ پر گامزن ہے
صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ دشمن طاقتوں نے اچھی طرح سے سمجھ لیا ہے کہ زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے اور پابندیاں عائد کرنے کی پالیسی بری طرح شکست سے دوچار ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے باضابطہ طور پر اس بات اعتراف کر لیا ہے کہ ایرانی عوام پر پابندیاں بے اثر ثابت ہوئی ہیں۔
صدر رئیسی نے کہا کہ ایران مخالف طاقتیں ہماری ترقی سے چراغ پا ہیں جس کے لئے ہمیں اللہ کا شکرگزار ہونا چاہئے۔