Oct ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • ایران کی حکومت اور عوام نے اپنے دوستوں اور دشمنوں کو پہچان لیا

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ احتجاج اور فسادات میں فرق ہوتا ہے اور اس کی نوعیت مختلف ہوتی ہے ۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنے انسٹاگرام پیچ میں کہا کہ حالیہ فسادات میں بعض مغربی حکومتوں کی مداخلت اور حمایت نے ایران کی حکومت اورعوام کو اپنے دوستوں اور دشمنوں کو بہتر طور پر پہچاننے کا موقع فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج اور فسادات میں فرق ہوتا ہے اور اس کی نوعیت مختلف ہوتی ہے اور اس کے مختلف نتائج ہوتے ہیں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران میں حالیہ فسادات اور بلووں میں بعض مغربی حکومتوں کے مداخلت پسندانہ رویے اور کھلی حمایت اور ان کے اشتعال انگیز رویے کے تسلسل نے ثابت کیا کہ وہ بالواسطہ اور بلاواسطہ  ایران  کے استحکام، سلامتی اور نظام کے خلاف کسی بھی اقدام سے دریغ نہیں کرتے اور ہر موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ناصر کنعانی نے کہا کہ ایسے حالات میں ایرانی حکومت اور عوام اپنے دوستوں اور دشمنوں کو بہتر طور پرجان چکے ہیں ۔ دشمن صرف اسلامی جمہوریہ کا مخالف نہیں ہے بلکہ ایران کا مخالف ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ،اسرائیل اور یورپی ممالک کے آلہ کاروں اور منافقین کے عناصر نے ایران میں مہسا امینی کی موت  کے واقعہ سے غلط فائدہ اٹھانے کیلئے فسادیوں اور بلوائیوں کی مدد سے ایران کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی لیکن ماضی کی طرح اس بار بھی انھیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور ایران کے غیور عوام نے اپنے اتحاد اور بیداری سے ان کے سازشی منصوبوں کوناکام بنا دیا۔ 

ٹیگس