ایرانی صدرکی شرکت سے یونیورسٹیوں کے تعلیمی سال کا آغاز
ایران کے صدرسید ابراہیم رئیسی نے ایرانی یونیورسٹیوں اور تعلیمی مراکز کے نئے سال کے آغاز کی مناسبت سے الزہرا یونیورسٹی میں ایک تقریب سے خطاب کیا۔
صدر ایران نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم افراد میں ساٹھ فیصد حصہ لڑکیوں کی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد کے برسوں میں ایرانی یونیورسٹیوں میں طالبات کی تعداد کافی نمایاں رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی لڑکیوں نے تعلیمی میدان میں دلچسپی اور توانائیوں کا بھر پور مظاہرہ کر کے ایران کے خلاف منفی پروپیگنڈوں کو ناکام بنادیا ہے۔
صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ جب ایران کی منتخب طالبات عالمی سطح پر اپنے اہم علمی کارناموں کا کوئی نمونہ پیش کرتی ہیں اور اسٹیج پر ایران کے قومی ترانے کے ساتھ اپنے ملک کا پرچم بلند کرتی ہیں تو ایران ان پر فخر کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران نے سخت ترین پابندیوں کے باوجود مختلف علمی و صنعتی میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے جس نے پوری دنیا کو حیرت زدہ کردیا ۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے ایران کے مختلف علاقوں میں حالیہ بلؤوں میں دشمنوں کے ملوث ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن سوچ رہا تھا کہ یونیورسٹیوں کی توانائی کو استعمال کر کے وہ اپنے مقاصد حاصل کرلیں گے جبکہ یہ دشمن اس بات سے غافل رہے کہ ایران کے طلبا و طالبات نیز اساتذہ بیدار ہیں جنھوں نے دشمن کی تمام سازشوں پر پانی پھیر دیا اور وہ دشمن کا کوئی شرمناک منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔