Oct ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • امریکہ دہشت گردوں کی حمایت بند کردے، ایران کا مطالبہ

اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے ایک امریکی جریدے میں شائع ہونے والے مضمون کے جواب میں کہا ہے کہ اگر امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ ہے تو پھر کوملہ جیسے دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنا چھوڑ دے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے واضح کیا ہے کہ کوملہ نامی گروپ ایک سرگرم دہشت گرد گروپ ہے جس نے مہاباد سمیت ایران کے مختلف شہروں میں ہزاروں بے گناہ لوگوں کو شہید کیا ہے۔
 ایران کے نمائندہ دفتر کے مطابق اگر امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ ہے تو پھر اسے اسطرح کے گروہوں کی سرگرمیوں میں سہولتیں فراہم کرنے اور حتی ان کے عناصر سے ملاقاتوں کا سلسلہ بند کردینا چاہیے۔
 اس سے پہلے اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندہ دفتر نے سلامتی کونسل کے چیرمین کےنام ایک خط میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف فوجی کارروائیوں کے دلائل اور محرکات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سفارت کاری کا عمل، شمالی عراق میں دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کو ختم نہ کراسکا اور ایران کو فوجی اقدامات پر مجبور ہونا پڑا ہے۔
 مغربی ایران کی سرحدوں پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت کے بعد، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے عراقی کردستان ریجن میں قائم دہشت گرد گروہوں کے بعض ٹھکانوں کو ڈرون حملوں اور توپ خانے سے نشانہ بنایا تھا۔
 امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ دہشت گرد گروہ کوملہ کے سرغنہ نے ایران کے مقابلے کے لیے امریکہ سے مدد کی درخواست کی ہے۔
 دوسری جانب ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے کہا ہے کہ حالیہ بلووں میں ملوث بعض افراد بیرونی تربیت یافتہ ہیں جبکہ بعض بلوائیوں کے بینک کھاتوں میں مسلسل رقوم بھیجی جاتی رہی ہیں ۔
احمد وحیدی نے حالیہ بلوؤں میں دشمن میڈیا کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتے کے دوران امریکہ میں پندرہ سو سے زائد مقالے، برطانیہ میں نو روز کے دوران سات سو بیس مقالےاور یورپی یونین میں سولہ سے چوبیس ستمبر کے عرصے میں ایک سو چونتیس مقالے صرف مہسا امینی کے بارے میں لکھے گئے جبکہ کئی ہزار روبوٹ استعمال کرتے ہوئے دو سو چالیس ملین ٹوئٹ کیے گئے۔
 ایران کے وزیر داخلہ نے کہا کہ دشمن نے مہسا امینی کے بارے میں حقائق کو اس مہارت کے ساتھ جھٹلایا کہ  بعض لوگ جھوٹ کو سچ سمجھنے لگے۔
 احمد وحیدی نے کہا کہ حالیہ ہنگاموں میں بلوائیوں کے مختلف حلقے سرگرم تھے، مثال کے طور پر اسرائیلی ایجنٹوں کا ایک حلقہ پوری طرح سرگرم  تھا اور ہر بوتل بم کے بدلے اسے رقم فراہم کی جارہی تھی۔
ایران میں حالیہ ہنگاموں کے دوران، امریکہ اور بعض یورپی ملکوں کے حکام، ان ملکوں کے ذرائع ابلاغ اور مغرب کے حمایت یافتہ انقلاب دشمن عناصر سے وابستہ فارسی چینل، تحقیقات کے مرحلے سے گزرنے والے ایک غم انگیز واقعے سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے رہے اور انہوں نے ایرانی قوم کے حقوق کی حمایت کے جھوٹے نعرے لگا کر  بلوائیوں اور ایرانی عوام کی سلامتی کو درھم برھم کرنے والے عناصر کی حمایت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ ایرانی عوام نے لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں اور شاہراہوں پر نکل کرملک کے اسلامی نظام کی حمایت اور بلوؤں اور ہنگاموں کی مخالفت میں مظاہرے کیے ہیں۔

ٹیگس