اقوام متحدہ مغربی ملکوں کی منشا پرعمل سے باز رہے، ایرانی مندوب
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے خبردار کیا ہے کہ عالمی ادارے مغربی ملکوں کی منشا پر عمل کرنے سے باز رہیں۔
امیر سعید ایراوانی نےاقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیوگوترس کے نام اپنے خط میں کہا ہے کہ مغربی ممالک سلامتی کونسل کی قرار داد بائیس اکتیس کی من مانی اور گمراہ کن تشریح کرکے اسے جنگ یوکرین میں ڈرون طیاروں کے استعمال کے من گھڑت دعووں سے جوڑنا چاہتے ہیں۔
ایران کے مندوب نے واضح کیا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس میں نہ تو ہتھیاروں کی فروخت سے روکا گیا ہے نہ ہی اقوام متحدہ کا سیکریٹریٹ اس حوالے سے تحقیقات کرانے کا مجاز ہے۔
ایرانی مندوب امیر مہدی ایراوانی نے اپنے خط میں، جنگ یوکرین میں ڈرون طیاروں کے استعمال کےبارے میں یورپی ٹرائیکا اور امریکا کی جانب سے کیے جانے والے دعووں کو سختی کے ساتھ مسترد کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اکیس اکتوبر کو سلامتی کونسل کے اجلاس میں فرانس، برطانیہ، جرمنی اور امریکہ کی جانب سے کیے جانے والے دعووں کو سختی کے ساتھ مسترد اور ان کی مذمت کرتا ہے۔