دہشت گردوں کو سخت سزا دینے پر تاکید
سانحہ شیراز پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا ہےکہ شیطانی قوتوں کو سخت سزا دی جائے گی۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر ان چیف جنرل حسین سلامی نے شیراز میں احمد بن موسی کاظم علیہ السلام کے حرم میں دہشت گردانہ حملے پر اپنے پیغام میں کہا کہ ایران کے وقار، استحکام اور ترقی کے دشمنوں نے بے گناہ اور بے دفاع زائرین مرد، خواتین اور بچوں کو خاک و خون میں غلطاں کردیا۔ جنرل سلامی نے اس بہیمانہ دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے بابصیرت عوام نے، اپنی ذہانت اور میدان میں ہمیشہ اپنی موجودگی سے بلووں کی سازش کو خاتمے کے راستے پر پہنچا دیا جس سے شیطانی طاقتوں کو سخت مایوسی ہوئی ہے اور اس کے بعد بھی ملت ایران دشمنوں کو پچھتانے پر مجبور کرے گی اور انہیں اپنے گھناؤنے عمل کی سزا تک ضرور پہنچائے گی۔