یورپ غیر تعمیری رویہ اپنانے سے باز رہے، ایران کا انتباہ
ایران کے وزیر خارجہ نے یورپی ملکوں سے کہا ہے کہ وہ تہران کے بارے میں غیرتعمیری راستہ اپنانے سے گریز کریں۔
یہ بات انہوں نے یورپی ملکوں کی جانب سے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں ایران مخالف قرارداد لانے کی کوششوں پر ردعمل ظاہر کرتےہوئے کہی۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللھیان کا کہنا تھا کہ تہران نے یورپی ملکوں کو ضروری پیغام بھیج دیا ہے۔
حسین امیر عبداللھیان نے یہ بات زور دے کرکہی کہ اگر یورپی ملکوں نے غیر تعمیری رویہ ترک نہ کیا تو تہران موثر جواب دینے پر مجبور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے قومی مفادات سب سے اہم ہیں اور اس سے ذرہ برابر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے البتہ پابندیوں کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا راستہ ہمیشہ کھلا رکھیں گے۔
ایران کے وزیرخارجہ نے واضح کیا کہ امریکا ایک جانب ایران کو پیغام بھیجتا ہے کہ اسے ایٹمی معاہدے کی جلدی ہے، دوسری جانب رابرٹ مالی کہتے ہیں کہ ایٹمی معاہدہ ہماری ترجیحات میں شامل نہیں اور وہ ہنگاموں اور بلوؤں کو ہوا دینے کی بات کرتے ہیں۔