ایران کے شہر ایذہ اور اصفہان میں دہشت گردانہ حملہ، 7 جاں بحق، 12 زخمی (ویڈیو)
ایران کے شہر ایذہ میں موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز اور عوام پر فائرنگ کر دی جس سے 7 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/ایران: فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایران کے شہر ایذہ میں موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے مرکزی بازار میں پولیس اور عوام پر فائرنگ کر دی جس میں کم از کم 5 افراد کے جاں بحق اور 10 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ، ایک بوڑھی خاتون اور دو مرد شامل ہیں۔ زخمیوں کو اہواز کے ہسپتال میں علاج کی غرض سے لے جایا گیا ہے۔
ایران پریس کی رپورٹ کے مطابق ایرانی سیکورٹی فورسز نے اس دہشت گردانہ حملے میں ملوث تین مجرموں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے سیکورٹی فورسز کو واقعہ کی تحقیقات اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ سید ابراہیم رئیسی نے اس دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ایذہ میں ہونے والے اس دہشت گردانہ حملے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر صوبے میں تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
اُدھر دوسری جانب اصفہان میں بھی ایک دہشتگردانہ واقعے کی اطلاعات ہیں۔ اس واقعے میں موٹرسائکل سوار دہشتگردوں نے فائرنگ کی جس میں 2 سکیورٹی اہلکار اور 2 عام شہری جاں بحق ہو گئے۔