Nov ۱۹, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • دہشتگردی پر خاموشی قابل مذمت ہے: ایران

ایران کی وزارت خارجہ نے دہشت گردی کے تعلق سے مغربی دنیا کے دوہرے معیاروں اور حالیہ دہشت گردانہ واقعات پر خاموشی کی مذمت کی ہے ۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں ایذہ ، اصفہان اور مشہد جیسے شہروں میں ہونے والے دہشت گرانہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ، بلاشبہ ایران کے چند شہروں میں انجام پانے والی کھلی دہشت گردی پر ایران میں آشوب اور بلوؤں کو فروغ دینے والے بیرونی طاقتوں کی سوچھی سمجھی خاموشی کا دنیا بھر میں دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی اور دہشت گردی کے فروغ کے سوا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔
سولہ نومبر کو موٹر سائیکل پر سوار دو دہشت گردوں نے جنوبی ایران کے صوبے خوزستان کے شہر ایذہ میں عام لوگوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا جس میں سات افراد شہید اور دس دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اسی روز وسطی ایران کے صوبے اصفہان بھی دو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی تھی جس میں دو سیکورٹی اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا۔
دہشت گرد عناصر نے اسی روز مشہد میں لوگوں کی سلامتی پر مامور عوامی رضاکار فورس کے دو جوانوں کو بھی شہید کردیا تھا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں آیا ہے کہ حالیہ دنوں میں ایران کے غیور عوام ار عالمی برادری نے، ایذہ، اصفہان اور مشہد جیسے ایران کے شہروں میں بے گناہ لوگوں اور سیکورٹی اہلکاروں پر بے رحم دہشت گردوں کے مجرمانہ حملوں کا مشاہدہ کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ نے حالیہ دہشتگردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور بعض ہم وطنوں کی شہادت پرایرانی قوم اورشہدا کےغمزدہ خاندانوں کو دلی تعزیب پیش کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے اسلامی نظام اور عظیم و غیرت مند ایرانی قوم کے دشمن اور معاندین، اپنی مجرمانہ خصلت کو اس ملک کے عوام اور سپوتوں کے ساتھ جھوٹی ہمدردی کی نقاب میں چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہےکہ عالمی قوانین اور ضابطوں کی رو سے دہشت گردی اپنی تمام شکلوں میں، کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ قابل مذمت ہے۔ اور عالمی برادری اور عالمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایران میں ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ اقدامات کی مذمت کرکے اس بات کی اجازت نہ دیں کہ تشدد کے حامیوں اور انتہا پسند تحریکوں کو، جن کی زندگی ہی بدامنی کی ترویج، نفرت ، کشیدگی، آشوب اور بلوؤں سے وابستہ ہے، دنیا میں کوئی محفوظ شیلٹر مل سکے۔
اس بیان مین یہ بات زور دے کر کہی گئی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران بین الاقوامی قانونی ضابطوں کی بنیاد پر اور اپنے اندرونی قوانین کے مطابق، دہشت گردوں اور ان کی حمایت کرنے والی حکومتوں کے خلاف ، تمام تر قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ٹیگس