Nov ۲۹, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
  • ایران ہمیشہ عراقی حکومت اور قوم کی حمایت کرتا رہا ہے، صدر مملکت

ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے عراقی وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ عراقی حکومت اور قوم کی حمایت کرتا رہا ہے۔

سحر نیوز ایران: صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے اس ملاقات میں عراق میں سیاسی استحکام اور نئی حکومت کی تشکیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق کے ساتھ ایران کے تعلقات باالکل الگ اور ممتاز نوعیت کے ہیں اور علاقائی و عالمی سطح پر دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی تقویت، علاقے اور دنیا میں امن و استحکام کے مفاد میں ہیں ۔

 سید ابراہیم رئیسی نے مختلف شعبوں میں تعلقات و تعاون کی مزید تقویت کے لئے ایران کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے تاکید کی کہ ایران عراق کے ساتھ توانائی اور مختلف تجارتی شعبوں میں  لین دین کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیئے جانے کا خواہاں ہے اور دونوں ملکوں کے مشترکہ اقتصادی کمیشن کے تشکیل پانے والے اجلاس، مشترکہ تعاون کو فروغ دیئے جانے میں موثر واقع ہوں گے۔ اس ملاقات میں عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے بھی عراق میں حکومت کی تشکیل کے ایک ماہ بعد اپنے دورہ ایران پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق کی خارجہ پالیسی میں ایران ایک خاص مقام رکھتا ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات نہایت خوش اسلوبی سے فروغ پا رہے ہیں ۔ انھوں نے دونوں ملکوں کے درمیان جاری تعاون کو نہایت موثر قرار دیا۔

واضح رہے کہ عراق کے وزیراعظم السودانی آج صبح ایک اعلی سطحی سیاسی و اقتصادی وفد کے ہمراہ ایرانی حکام سے مذاکرات کے لئے ایران کے دورے پر تہران پہنچے ۔ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے سعد آباد میں عراق کے وزیراعظم کا باضابطہ طور پر استقبال کیا۔

ٹیگس