Dec ۰۷, ۲۰۲۲ ۱۳:۵۷ Asia/Tehran
  • امریکہ ہنگامے کرا کر طاقتور ایران کو تباہ حال ایران دیکھنا چاہتا ہے: صدر ایران

صدر ایران نے یونیورسٹی طلبا کے قومی دن کو دشمن کی شناخت، دشمن سے جنگ، بصیرت اور احساس ذمہ داری کی علامت قرار دیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے یوم یونیورسٹی طلبا اور سات دسمبر کے شہدا کی یاد میں، تہران یونیورسٹی میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن یونیورسٹیوں کے لیے حالات و واقعات کے صحیح ادارک ، بالغ نظری اور بالیدگی فکر کا دن ہے۔
انہوں نے یونیورسٹیوں کو تھنک ٹینک اور مشاورت کا مرکز قرار دیتے ہوئے طلبا سے اپیل کی کہ وہ مسائل کے حل میں حکومت کی مدد کریں۔
صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یونیورسٹی طلبہ معاشرے کے مسائل کو زیادہ سے زیادہ اور بہتر طریقے سے حل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ میں طلبا کے ساتھ رابطے کو اپنے لئے قابل فخر اور دانشوروں کے نقطہ نگاہ سے استفادے کا بہترین موقع سمجھتا ہوں۔ 
صدر ایران کا کہنا تھا کہ آج ہماری یونیورسٹیوں نے دشمن پر کاری ضرب لگائی ہے لہذا دشمن ان یونیورسٹیوں کو علم کی ترویج اور ترقی سے روکنا چاہتا ہے لیکن یونیورسٹیوں کے طلبا اور اساتذہ نے دشمن کی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔
سید ابراہیم رئیسی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ مظاہرین کی آوز کو ہر حال  میں سننا چاہیے اور طلبا کی باتوں کو سننے کے لیے ہم ہمیشہ تیار ہیں ۔ صدر نے کہا کہ احتجاج اور ہنگامے میں فرق ہوتا ہے۔ احتجاج سے معاملات سدھرتے ہیں جبکہ ہنگامے اور توڑ پھوڑ نا امیدی کا باعث بنتے ہیں۔
صدرمملکت کا کہنا تھا  کہ امریکہ ایران میں تخریب کاری اور ہنگامے کرانا چاہتا ہے۔ وہ طاقتور ایران کے بجائے ایک تباہ حال ایران دیکھنا چاہتا ہے وہ ایران کو شام اور افغانستان بنانا چاہتا ہے، لیکن وہ ایسا نہیں کرسکتا کیونکہ ایرانی قوم کے تعلیم یافتہ مرد و زن اسے اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ 

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں ہر سال سات دسمبر کو یونیورسٹی طلبا کا قومی دن منایا جاتا ہے۔
سات دسمبر انیس سو ترپن کو ایرانی طلبا نے اس وقت کے امریکی نائب صدر ریچرڈ نیکسن کے دورہ تہران اور ایران کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت کے خلاف تہران یونیورسٹی کے سامنے مظاہرہ کیا تھا۔
امریکہ سے وابستہ ظالم شاہی حکومت کے گماشتوں نے احتجاج کررہے طلبہ کو  گولیوں کا نشانہ بنا کر مظاہرے کو کچل دیا تھا۔ اس حملے میں تین طلبا شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس