عوامی طاقت، ایران کے استحکام کی بنیاد ہے: صدر رئیسی
صدر رئیسی نے ایرانی عوام اور عوامی طاقت کو ایران کے استحکام کا مرکزی جز قرار دیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے اپنے دوسرے صوبائی دورے میں جمعرات کو صوبہ خراسان جنوبی کے مرکز بیرجند پہنچے۔
صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے اس موقع پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے ممالک میں طاقت کی بنیاد ہتھیاروں اور فوجی طاقت پر رکھی جاتی ہے لیکن ایران میں طاقت اور اقتدار کا سرچشمہ میدان عمل میں عوام کی موجودگی ہے۔
انھوں نے کہا کہ جب بھی دشمنوں نے ملک میں کوئی فتنہ و فساد پھیلانے کی کوشش کی ایرانی عوام نے اپنی ذہانت، بیداری اور بصیرت سے دشمنوں کو شکست دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے حریت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران اور انقلاب کے دشمنوں کی سازشوں پر پانی پھردیا۔
صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے زور دے کر کہا کہ پابندیاں عوام کے لئے مسائل پیدا کرتی ہیں لیکن عوام کی مدد سے ہی ان پابندیوں کو بے اثر اور اسے ترقی کے موقع میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔