ایرانی عوام کی بصیرت نے دشمن کے ارمانوں کو خاک میں ملادیا: صدر رئیسی
صدر ایران نے کہا ہے کہ ایرانی عوام کی بصیرت کے نتیجے میں اس بار بھی دشمن کے سارے اندازے اور تخمینے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
سحرنیوز/ایران: جنوب مشرقی ایران کے صوبے خراسان جنوبی کے شہر نہبندان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر سید ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ عوام کی بصیرت نے دشمن کے سازشوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
انہوں نے سیاسی اور سماجی میدانوں میں عوام کی بھرپور موجودگی کو دشمن کی سازشوں اور فتنوں کی ناکامی کی اصل وجہ قرار دیا۔
صدر ایران نے کہا کہ مغربی ذرائع ابلاغ میں جاری ہونے والے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ہر سال سیکڑوں خواتین امریکی پولیس کے ہاتھوں قتل کردی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی بے گناہ فلسطینی اور یمنی عوام کے حقوق کی پامالی کو نظر انداز کرکے انسانی حقوق کی حمایت کا دعوی کیسے کر رہے ہیں۔
صدر سید ابراہیم رئیسی نے شیراز کے دہشت گردانہ واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے یاد دھانی کرائی کہ داعش جیسا خونخوار دہشت گرد گروہ مغربی طاقتوں نے قائم کیا تھا۔
صدر نے کہا کہ ایران کے عوام شیراز سمیت دہشت گردی کے واقعات اور عوام کے قتل عام کی وجہ سے ہی امریکہ مردہ باد کے نعرے لگاتے ہیں۔