Dec ۳۰, ۲۰۲۲ ۱۳:۵۶ Asia/Tehran
  • امریکہ کے دفاعی اختیارات سے متعلق قوانین میں ایران مخالف شقوں پر تہران کا ردعمل

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ کے قومی دفاع کے اختیارات سے متعلق قوانین میں بعض ایران مخالف شقیں امریکہ کی غلط، مخاصمانہ، اشتعال انگیزی اور مداخلت پسندانہ خصلت کی آئیںہ دار ہیں، جن کا مقصد ایرانوفوبیا اور ایران کی سیکورٹی کے خلاف ماحول کو سازگار بنانا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ کے قومی دفاع کے اختیارات سے متعلق قوانین کی شقوں میں ایران کی علاقائی سرگرمیوں کے بارے میں کئے جانے والے بے بنیاد دعوے خلیج فارس اور مغربی ایشیا میں امریکہ کے تباہ کن اور عدم استحکام پھیلانے کی پالیسی جاری رکھے جانے کے ترجمان ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ان قوانین میں ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے بارے میں جھوٹے الزامات کا اعادہ ایسی حالت میں کیا گیا ہے کہ جب امریکہ کی حکومت نے بین الاقوامی ایٹمی معاہدے سے یکطرفہ طور پر علیحدگی اختیار کر کے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی معاہدے میں اپنے حقوق سے مکمل طور پر بہرہ مند نہ ہونے کے باوجود ایران، نرمی کا مظاہرہ کر کے مسلسل کوششیں کرتا رہا تاکہ اس معاہدے کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ مختلف شعبوں منجملہ روائتی دفاعی شعبے میں دیگر ملکوں کے ساتھ ایران کا تعاون بین الاقوامی قوانین اور عالمی معاہدوں کے تناظر میں مشترکہ مفادات کے دائرے میں بالکل منطقی رہا ہے جو کسی بھی تیسرے ملک کے ہرگز خلاف نہیں ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے کہا کہ علاقے میں مختلف ملکوں کے ساتھ سب سے زیادہ امریکہ کے ہی دفاعی سمجھوتے ہیں اور وہ ان سمجھوتوں کے تحت ان ممالک کو مختلف قسم کے ہتھیار بھی فروخت کرتا ہے بلکہ امریکہ نے علاقے میں مختلف اور متعدد فوجی اڈے قائم کر کے علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرات بھی پیدا کر دیئے ہیں اور یہ خطرات مسلسل بڑھتے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ اس کی دفاعی پالیسیوں میں ایٹمی ہتھیاروں کو کوئی حیثیت حاصل نہیں ہے اور وہ ان ہتھیاروں کی پیداوار کو ناجائز سمجھتا ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ آئی اے ای اے کے ایک رکن اور سیف گارڈ پروٹوکول کے پابند ملک کی حیثیت سے ایران، اپنے بین الاقوامی فرائض سے مکمل آگاہ ہے اور ایران ایک مکمل ذمہ دار ملک ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے تاکید کی کہ ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں بے بنیاد دعوے اور ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے جانے سے ایران کے خلاف یکطرفہ و غیر قانونی اقدامات عمل میں لائے جانے کا کوئی جواز فراہم کئے جانے میں ہرگز مددگار ثابت نہیں ہو سکتے اور نہ ہی ایران کوئی باج دینے والا ملک ہے بلکہ اس نے ہمیشہ اس حقیقت کو بھی بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ زور زبردستی اور دھونس دھمکی کے مقابلے میں کبھی جھکنے والا نہیں ہے۔

ٹیگس