Dec ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۵:۱۴ Asia/Tehran
  • ذوالفقار فوجی مشقیں، بحری، بری اور فضائی طاقت کا منہ بولتا ثبوت

ایران میں سالانہ ذوالفقار فوجی مشقوں کا آغاز ہوگیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، ان مشقوں میں کمانڈو فورس ، توپخانے اور بکتربند گاڑیوں کے بریگیڈ، جاسوسی اور حملہ آور ڈرون طیاروں، آرمی ایوی ایشن اور ٹینک بریگیڈ کی تمام صلاحیتوں کو آزمایا گیا اور مختلف نوعیت کے ڈیزائن شدہ مشن کے دوران، فرضی اہداف کو نشانہ بنا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ 

قابل ذکر ہے کہ سالانہ ذوالفقار فوجی مشقوں کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے اسکواڈرن نے بھی، فرضی دشمنوں کے ٹھکانوں اور متحرک اہداف کو مسمار کر دیا ۔ ذوالفقار فوجی مشقوں کے دوران ڈرون طیاروں کی مدد سے میدان جنگ اور فرضی دشمن کی تنصیبات کی تصاویر لی گئیں اور ان تصاویر کو براہ راست فوجی کمان کے لئے بھیجا گیا جہاں سے میزائلوں اور توپوں سے ان اہداف کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔

ذوالفقار فوجی مشقوں کے ترجمان جنرل علی رضا شیخ نے کہا کہ فوج کے فضائی یونٹ کے جنگی ہیلی کاپٹروں نے بھی اس دوران طوفانی آب و ہوا میں اڑان بھری، اہداف کو نشانہ بنایا اور اپنی مہارت اور صلاحیتوں کا بھرپور طریقے سے مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کی بحریہ کے جہاز اور آبدوز بھی ان مشقوں میں شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار فوجی مشقوں کے دوران، فرضی دشمن کی  افواج پر بھاری اور فوری حملہ، باریک بینی سے اہداف کو نشانہ بنانا اور توپخانوں اور میزائلوں کو  تیز رفتاری سے منتقل کرنا ان وسیع فوجی مشقوں کے اہداف میں شامل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ سالانہ ذوالفقار فوجی مشقیں بحیرہ عمان، مکران کے ساحلی علاقوں اور شمالی بحر ہند میں جاری ہیں۔

ٹیگس