ایران 50 لاکھ افغان مہاجرین کا میزبان
افغان مہاجرین کی ایران آمد میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے اور روزانہ ہزاروں افغان شہری ایران میں داخل ہو رہے ہیں۔
سحر نیوز/ایران: ارنا خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان مہاجرین کے امور میں ایران کی وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر صادق رضا دوست کا کہنا ہے کہ ایران میں دنیا کے دیگر ممالک سے زیادہ افغان مہاجرین زندگی گذار رہے ہیں اور ان کی تعداد 50 لاکھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں پانچ لاکھ 52 ہزار افغان طالبعلم اسکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے تھے تاہم افغانستان میں بننے والی نئی صورتحال کے پیش نظر اب یہ تعداد سات لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
صادق رضا دوست نے کہا کہ ایران میں تقریبا ایک لاکھ 50 ہزار غیر ملکی طابعلم یونیورسٹیوں میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں کہ جن میں سے 57 سے 58 ہزار تک افغان کے طالبعلم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 ماہ کے دوران 4 لاکھ افغان مہاجرین اپنی مرضی سے افغانستان واپس لوٹ چکے ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے اعلی کمشنر برائے پناہ گزینوں کے امور کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گزشتہ 4 دہائیوں سے اب تک افغان پناہ گزینوں کی فراخدلی سے میزبانی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے امور (یو این ایچ سی آر) مہاجرین سے متعلق جامع اور ترقی پسندانہ پالیسیاں چلانے بشمول اپنی مرضی سے وطن واپسی کے لئے سہولت فراہم کرنے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران اور معاشی پابندیوں کے باوجود پناہ گزینوں کے علاج اور حفظان صحت سے متعلق اچھے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ایران کی بین الاقوامی مالیاتی حمایت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین ایران، افغانستان اور پاکستان کے لئے بین الاقوامی یکجہتی اور امداد کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔