ایران کے حالیہ واقعات میں بیرونی دشمن کا ہاتھ پوری طرح نمایاں ہے، رہبرانقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے دشمن کی سازشوں کی ناکامی پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ ملک کے حالیہ واقعات میں بیرونی دشمن کا ہاتھ پوری طرح نمایاں ہے۔
سحر نیوز/ ایران: نو جنوری انیس سو اٹھہتر کی قم شہر کی عوامی تحریک کی برسی کے موقع پر قم کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ ملک کے حالیہ واقعات میں بیرونی دشمن کا ہاتھ پہلے ہی دن سے نمایاں تھا۔
آپ نے فرمایا کہ حالیہ واقعات میں امریکہ اور یورپی ملکوں نے کھلے بندوں مداخلت کی اور ان کی پروپگنڈا مشینری نے سب سے اہم کردار ادا کیا جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ مغربی، عربی اور صیہونی ذرائع ابلاغ اور شوشل میڈیا چینلوں نے اپنے بھرپور پروپیگنڈے کے ذریعے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ یہ واقعات ایران میں اقتصادی اور انتظامی مشکلات کے خلاف ہیں لیکن صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔ آپ نے فرمایا کہ ان کا مقصد اقتصادی اور انتظامی کمزوریوں کو برطرف کرنا نہیں بلکہ ملک کی طاقت وسلامتی کو ختم اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنا تھا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے خلاف سابق عراقی ڈکٹیٹر صدام کی مسلط کردہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ، یورپ، نیٹو، سویت یونین اور رجعت پسند عرب حکمرانوں نے صدام کی کھل کر حمایت کی اور پانی کی طرح پیسہ بہایا لیکن وہ ایران کا بال بیکا نہیں کرسکے۔
آپ نے دفاع مقدس کو ایران کی بہت بڑی فتح قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ جب بھی ہم احساس ذمہ داری کے ساتھ خطرات سے نمٹنے کے لیے میدان میں اترے اس کا اچھا نتیجہ برآمد ہوا ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے نوجنوری، گیارہ فروری، شہید قاسم سلیمانی کی تشیع جنازہ سمیت ملکی تاریخ کے اہم واقعات کو ایام اللہ قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ باطل قوتیں ان ایام کے حقائق کو چھپانے اور انکا اثر کم کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔