دشمنوں کے سبھی منصوبے ناکام ہوگئے، رہبرانقلاب اسلامی
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہےکہ دشمن کے سبھی منصوبے اور سازشیں ناکام ہوکر رہ گئیں کیونکہ ان کا اندازہ غلط تھا۔
سحر نیوز/ ایران: رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جمعرات کو شعرا اور مداحان اہلبیت عصمت و طہارت سے ملاقات میں حضرت صدیقہ کبری سلام اللہ علیھا سے عقیدت و ارادت کو انفرادی اور اجتماعی سبھی امور میں انتہائی موثر قراردیتے ہوئے فرمایا کہ اہلبیت کی مدح و ثنا ایک گرانبہا میراث ہے ۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسی طرح اس ملاقات میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دشمن نے ایک ملک میں بدامنی اور تخریبی ماحول پیدا کرنے کے لئے سبھی ضروری عوامل و وسائل کا سہارا لیا فرمایا کہ بدامنی پیدا کرنا، جاسوسی ٹیموں کو بھیجنا، مختلف تشہیراتی طریقوں اور ہتھکنڈوں کے ذریعے ایرانو فوبیا پھیلانا، بعض داخلی عناصر کو اپنی صفوں میں شامل کرلینا اور اسی طرح قومی و مذہبی اور سیاسی اختلاف وتفرقہ پیدا کرنا یہ وہ سارے عوامل تھے جنھیں دشمن نے کئی مہینے قبل سے اپنے منصوبے میں شامل کررکھا تھا۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن یہ سمجھ رہے تھے کہ ایرانی عوام اقتصادی مشکلات کی وجہ سے ایران کے اسلامی جمہوری نظام کو گرانے اور ملک کی تقسیم کی سازشوں میں ان کا ساتھ دیں گے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ دشمن یہ سمجھ رہے تھے کہ دشنام تراشیوں، فحش باتوں اور دریدہ دہنی اور طرح طرح کی اہانتوں کے ذریعے ایرانی حکام کو دفاعی پوزیشن میں لاکھڑا کریں گے اور انہیں میدان سے نکال دیں گے۔ آپ نے فرمایا کہ دشمن یہ سمجھ رہے تھے کہ شور وہنگامے برپا اور وسوسہ پیدا کرکے ایران کے اعلی سطح کے عہدیداروں میں اختلاف ڈال دیں گے ، دشمن یہ سمجھ رہے تھے کہ فلاں ملک کے جو کہ امریکہ کا ایجنٹ ہے پیٹرو ڈالر کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم و ارادے کو متزلزل کردیں گے ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن یہ سمجھ رہے تھے کہ کچھ ضمیر فروش عناصر کو اپنے ملکوں میں پناہ دینے کی لالچ کے بعد انہیں اکسا کر ایران کے خلاف غلط بیان دلوا کر ہمارے نوجوانوں کو مایوس کردیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ ان کا اندازہ غلط ثابت ہوا اور ہمارے نوجوانوں نے ایسے لوگوں کی باتوں کو کوئی اہمیت ہی نہیں دی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ چالیس برسوں سے دشمن اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنی پوری کوشش میں لگا ہوا ہے لیکن چونکہ اس کا اندازہ غلط تھا اور ہے اس لئے اس کو ہر بار شکست وذلت کا سامنا کرنا پڑا آئندہ بھی اسے ذلت آمیز شکست ہوگی ۔