Jan ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۲:۲۰ Asia/Tehran

اسلامی جمہوریہ ایران کے دار الحکومت تہران میں جمہوریہ آذربائیجان کے سفارتخانے پر حملہ کے واقعے کی تفصیلات سامنے آ گئي ہے۔

سحر نیوز/ایران؛ تہران کے پولیس سربراہ حسین رحیمی نے بتایا کہ جمعے کی صبح ایک شخص نے آذربائیجان کے سفارتخانے پر حملہ کر دیا۔ دارالحکومت تہران میں ایک نامعلوم مسلح شخص آذربایجان کے سفارتخانے میں اُس وقت گھس آیا جب سفارتخانے کا ایک ملازم اندر داخل ہو رہا تھا۔ مذکورہ شخص کی فائرنگ میں ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ دو زخمی ہوئے۔

پولیس نے فورا مداخلت کی اور حملہ آور کو گرفتار کرکے پوچھ تاچھ شروع کر دی ہے۔

پولیس سربراہ نے بتایا کہ حملہ آور اپنے کمسن بچوں کے ساتھ سفارتخانے کے اندر داخل ہوا تھا۔ ابتدائی تفتیش میں حملہ آور نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ گھریلو مسائل کی وجہ سے یہ اقدام کرنے پر مجبور ہوا۔ 

آذربائیجان کی وزارت خارجہ نے بھی اس مسئلے میں ایک بیان جاری کرکے کہا کہ 27 جنوری کو صبح ساڑھے سات بجے تہران میں آذربائیجان کے سفارتخانے پر حملہ ہوا۔ حملہ آور سفارتخانے کے سیکورٹی شعبے کی جانب گیا اور کلاشنکوف سے سفارتخانے کی سیکورٹی سروس کے چیف کو قتل کر دیا جبکہ دو سیکورٹی اہلکار حملے کو روکنے کی کوشش میں زخمی ہوگئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ٹیگس