دشمنوں کی سازشوں اور فتنوں کے باوجود، اسلامی انقلاب اپنی منزل کی جانب گامزن: صدررئیسی
صدر رئیسی نے کہا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کا عوام پر مکمل بھروسہ تھا اور آج بھی یہ انقلاب عوام کی امنگوں کے مطابق مستقبل کی جانب گامزن ہے۔
سحر نیوز/ ایران: عشرہ فجر کے آغاز اور انقلاب اسلامی کی کامیابی کی چوالیسویں سالگرہ کے موقع پر صدر سید ابراہیم رئیسی نے اپنی کابینہ سمیت آج بانی انقلاب اسلامی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کے بعد اپنی تقریر میں کہا کہ یہ انقلاب امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے خلوص اور حقانیت اور ایرانی عوام کی وفاداری اور اپنے اس انقلاب سے دلی لگاؤ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب کے چوالیس سال گزر جانے اور دشمنوں کی تمام سازشوں اور فتنوں کے باوجود، اسلامی انقلاب نہ صرف کمزور نہیں پڑا بلکہ اس کے جلوے پہلے سے کہیں زیادہ دنیا بھر میں پھیل چکے ہیں۔
صدر رئیسی نے کہا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ کا عوام پر مکمل بھروسہ تھا اور آج بھی یہ انقلاب عوام کی امنگوں کے مطابق مستقبل کی جانب گامزن ہے۔
آپ نے انقلاب کی کامیابی کے لئے اور کامیابی کے بعد مختلف میدانوں میں دسیوں ہزار شہید پیش کئے جانے کو اسلامی انقلاب سے عوام کی گہری محبت کی علامت قرار دیا اور کہا کہ آج ثقافتی میدان میں سرگرم افراد کی ذمہ داری بنتی ہے کہ اپنے فن اور ہنر کو بروئے کار لاتے ہوئے امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی شخصیت اور آپ کی تعلیمات اور انقلاب اسلامی کے اقدار کو نوجوانوں اور نئی نسل کے سامنے پیش کریں تا کہ مستقبل میں ملک، انقلاب اور قوم کی ترقی کی ضمانت فراہم ہوسکے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ حکومت بھی نظام کی اسٹریٹیجی، رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات اور عوام کی خدمت کے راستے پر گامزن ہے تا کہ انقلاب اسلامی کو مستحکم اور دشمنوں کو مایوس کرسکے۔
یاد رہے کہ یکم فروری سن انیس سو اناسی میں بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی وطن واپسی سے لیکر انقلاب اسلامی کی کامیابی یعنی گیارہ فروری تک، ایران میں عشرہ فجر اور جشن آزادی کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس دوران تمام شہروں اور قصبوں میں جشن کا سما ہوتا ہے اور تمام خیابانوں اور شاہراہوں کو قومی پرچم سے سجایا جاتا ہے۔