Feb ۰۱, ۲۰۲۳ ۱۳:۲۲ Asia/Tehran
  •  ایرانی عوام ہی اسلامی انقلاب کے ستون ہیں: اسپیکر قالیباف

اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چوالیسویں سالگرہ عشرہ فجر کی تقریبات پورے ملک میں شروع ہوگئی ہیں اور عشرہ فجر کے پہلے دن اسکولوں میں گھنٹیاں بجائی گئیں اور تقریبات منعقد ہوئیں جبکہ عشرہ فجر کے آغاز کی مرکزی تقریب تہران میں امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے حرم میں منعقد ہوئی

سحر نیوز/ ایران: بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح کی وطن واپسی کی سالگرہ کی مناسبت سے آج صبح ان کے حرم میں مختلف حکام کی شرکت سے مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں حکام اور عوام نے شرکت کی  مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ عوام کے بغیر ایران کے اس انقلاب کا کوئی تصور نہیں کیا جا سکتا اور ایرانی عوام ہی اس انقلاب کے ستون ہیں۔ 
انھوں نے کہا کہ امام خمینی رح کے نقطہ نظر سے ایران کے اسلامی انقلاب کی خصوصیت اس کا عوامی ہونا ہے اور آج ایران کے حکام اور عوام کی ایک ہی آرزو ہے کہ متوازن طریقے سے انقلاب کے تمام مقاصد کے حصول کی طرف بڑھا جائے۔ 
ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے عقلانیت، معنویت اور عدل و انصاف کو امام خمینی رح کے اس مکتب کی بنیادوں سے تعبیر کیا اور کہا کہ ایران کے انقلاب کی کامیابی کی بنیاد حکام اور عوام کی جانب سے الہی احکامات پر عمل درآمد کیا جانا ہے۔ 

واضح رہے کہ آج بارہ بہمن سن چودہ سو ایک ہجری شمسی مطابق یکم فروری دو ہزار تیئیس کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے جشن یعنی عشرہ فجر کا آغاز ہوگیا۔
چوالیس سال قبل بارہ بہمن تیرہ سو ستاون ہجری شمسی مطابق یکم فروری انیس سواناسی کو بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رح پندرہ سال کی جلاوطنی کے بعد فاتحانہ انداز میں فرانس سے وطن واپس تشریف لائے تھے اور اس موقع پر ایران کے عوام نے ان کا نہایت پرتپاک، شاندار اور تاریخی استقبال کیا تھا۔اور گیارہ فروری کو یہ عظیم الشان انقلاب کامیابی سے ہمکنار ہوا ۔ اسی بنا پر بارہ بہمن یعنی امام خمینی رح کی ایران آمد سے لے کربائیس بہمن یعنی انقلاب اسلامی کی کامیابی تک پورے ملک میں عظیم الشان جشن و تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جسے عشرہ فجر کہا جاتا ہے۔ 
ایران کی اسلامی تبلیغات کی کوآرڈینیشن کونسل نے ایک بیان میں عشرہ فجر کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے چوالیسویں سال کی مناسبت سے اس سال کا نعرہ عشرہ ایران کے مستحکم و قابل فخر چوالیس سال اعلان کیا ہے۔ 

ٹیگس