پورا ایران امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونج رہا ہے+ تصاویر
ایران کے اسلامی انقلاب کا تناور درخت آج اپنی 44ویں بہار کا جشن منا رہا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: دنیا کے سبھی آزاد ضمیر اور حریت پسندوں کی ڈھارس اور مستکبرین عالم کی آنکھوں کا کانٹا بنا ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کا جشن ایران اور دنیا کے دیگر ممالک منجلہ ہندوستان پاکستان میں تمام ترشان و شوکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
جشن آزادی کی خصوصی تقریبات کا سلسلہ گزشتہ شب سے ہی اپنے عروج کو پہونچ گیا جس کے تحت ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں بڑے زور و شور سے جشن منایا گیا، آتش بازی اور نوربارانی کا خاص اہتمام ہوا اور اسلامی اقدار پر استوار انقلاب کی نعمت پر بطور شکرانہ پورے ملک نے ٹھیک نو بچے صدائے اللہ اکبر بلند کی۔
دارالحکومت تہران میں بھی اہم مراکز پر جشن انقلاب کی خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں اور شہر کے آسمان میں نوربارانی کی گئی۔ شہر کے آزادی اسکوائر بھی جشن کا خصوصی سماں نظر آیا جس کے دوران اسلامی انقلاب کی 44ویں فجر کے طلوع ہونے پر آزادی ٹاور پر ایک طلائی تمغہ بھی آویزاں کیا گیا اور ملک کے معروف ترانہ خواں اور فنکار حضرات نے قومی و ملی ترانے پیش کئے۔
جشن انقلاب کی 44ویں بہار کا سلسلہ آج بھی پورے زور و شور کے ساتھ جاری ہے جس کے تحت ملک کے تقریبا 1400 ہزار شہروں اور3 ہزار 800 دیہی علاقوں میں مختلف شکلوں میں عوامی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پورے میں صبح ٹھیک ساڑھے نو بچے ریلیوں کا آغاز ہوگیا ہے۔
دارالحکومت تہران میں مرکزی تقریب آزادی اسکوائر پر منعقد ہورہی ہے۔ کچھ دیر کے بعد جشن کو صدر جمہوریہ سید ابراہیم رئیسی خطاب کریں گے۔
خیال رہے کہ ایران کا اسلامی انقلاب آج سے 44 سال قبل گیارہ فروری سن انیس و اناسی کو رہبر کبیر خمینی بت شکن (رح) کی قیادت میں کامیابی سے ہمکنار ہوا اور آج آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں کامیابی کے ساتھ اپنے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
دنیا کے مختلف سربراہان مملکت اور استقامتی و مزاحمتی محاذ سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیموں نے الگ الگ بیان جاری کر کے ایران کی حکومت و عوام کو اسلامی انقلاب کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی ہے۔