قرآن مجید کے بین الاقوامی مقابلوں میں دنیا کے 80 ملکوں کی شرکت
قرآن مجید کے انتالیسویں بین الاقوامی مقابلوں کی منتظم کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ان مقابلوں کے ابتدائی مرحلے میں دنیا کے اسّی ممالک کے ڈیڑھ سو قاریان و حافظان کل قرآن شریک ہوئے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: تہران کے او آئی سی ہال میں قرآن مجید کے یہ مقابلے عید مبعث سے شروع ہوئے ہیں ۔ ان مقابلوں کے شرکا قرآت قرآن، ترتیل، اور حفظ کل قرآن کے شعبوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔ قرآن مجید کے انتالیسویں بین الاقوامی مقابلوں کی منتظم کمیٹی کے سربراہ حمید مجیدی مہر نے اپنے ایک ٹی وی بیان میں کہا ہے کہ مقابلوں کے ابتدائی مرحلے کے بعد کے مرحلے میں ایران سمیت تینتیس ملکوں کے باون قاریان قرآن اور حافظان کل قرآن پہنچے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے مختلف ٹی وی چینلوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے پچاس سے زائد سٹیلائٹ چینلوں سے ان مقابلوں کو براہ راست نشر کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے بھی قرآن مجید کے ان مقابلوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
قرآن مجید کے انتالیسویں بین الاقوامی مقابلوں کی منتظم کمیٹی کے سربراہ حمید مجیدی مہر نے کہا کہ اس سال کے قرآن مجید کے ان مقابلوں میں یورپی ممالک کے قاریوں اور حافظوں نے بھی حصہ لیا ہے جن میں ڈنمارک، کروشیا، ہالینڈ اورفنلینڈ کے قاریان و حافظان کل قرآن شامل ہیں۔