ایران کے وزیر کھیل کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، ایک جاں بحق متعدد زخمی
ایران کے صوبہ کرمان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں وزیر کھیل زخمی ہوگئے ہیں، ان کے سر اور ہاتھ میں چوٹیں آئی ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: فارس نیوز ایجنسی کے مطابق ایران کے صوبے کرمان میں وزیر کھیل اور نوجوانوں کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کو بافت شہر کے اسپورٹس کمپلیکس میں لینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا۔
کرمان کے گورنر ہاؤس کے شعبۂ تعلقات عامہ نے بتایا کہ تمام زخمیوں کی حالت بہتر ہے اور وہ بافت ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بافت شہر کے محکمۂ کھیل اورنوجوانوں کے سربراہ نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے وزیر کھیل کے مشیر اسماعیل احمدی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
وزیر کھیل کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر میں 16 افراد سوار تھے جو بافت اسٹیڈیم میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کے نتیجے میں زخمی ہوئے، وزیر کھیل سید حمید سجادی کے سر اور ہاتھ میں چوٹیں آئی ہیں۔
اسپورٹس کے وزیر نے بافت شہر کے کھیلوں کے منصوبوں کا دورہ کرنے کے لیے اس شہر کا سفر کیا تھا۔
تازہ اطلاعات میں وزیر کھیل سمیت تین افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔