امریکہ علاقے میں اپنی فوجی موجودگی طویل عرصے تک جاری نہیں رکھ سکتا، بحریہ کے کمانڈر تنگسیری
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ایران کی حکمت عملی ہمیشہ دفاعی رہی ہے لیکن اس کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ایران کا جواب بہت سخت ہو گا۔
سحر نیوز/ ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری نے العالم سے گفتگو میں علاقے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتے اخراجات کے پیش نظر امریکہ علاقے میں اپنی فوجی موجودگی طویل عرصے تک جاری رکھنے کی توانائی نہیں رکھتا۔
انھوں نے کہا کہ خلیج فارس کا علاقہ ایران اور اس کے پڑوسی ملکوں سے متعلق ہے اور یہی ممالک اس علاقے کو سیکورٹی فراہم کر سکتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ خلیج فارس میں اپنا جنگی ساز و سامان کم کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری نے کہا کہ علاقے کے ملکوں کو اس بات کی اجازت نہیں دینا چاہئے کہ غاصب صیہونی حکومت علاقے میں اپنا اثرورسوخ پیدا کر سکے۔
انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لئے اقتصاد کو ذریعہ بنانا صرف ایک بہانہ ہے اور علاقے میں بچوں کی قاتل غاصب صیہونی حکومت کی موجودگی پڑوسی ملکں کے درمیان کشیدگی کا باعث بنے گی۔
انھوں نے تاکید کی کہ ایران کی حکمت عملی ہمیشہ دفاعی رہی ہے لیکن اس کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ایران کا جواب بہت سخت ہو گا۔