صیہونیوں کے لئے علاقے میں راستہ ہموار نہ کیا جائے: ایرانی وزیر خارجہ کا انتباہ
وزیر خارجہ نے انتباہ دیا ہے کہ قفقاز اور دیگر علاقوں میں صیہونی حکومت کا راستہ کھولنے سے پرہیز کیا جائے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے جو باضابطہ دورے کے سلسلے میں ترکیہ گئے ہوئے ہیں، بدھ کے روز اپنے ترک ہم منصب مولود چاؤش اوغلو سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس ملاقات کے بعد انہوں نے ترک وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی شرکت کی اور صاف الفاظ میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام فریقوں کو خبردار کرتا ہے کہ جعلی اسرائیلی حکومت کی حرکتوں کی جانب سے ہوشیاری کا مظاہرہ کریں اور قفقاز اور دیگر علاقوں میں صیہونی حکومت کا راستہ کھولنے سے پرہیز کریں۔
وزیر خارجہ نے اس موقع پر ترکیہ کے زلزلے کے متاثرین کو تعزیت پیش کی اور زور دیکر کہا کہ ہم اس انسانی المیے اور ترکی کے اس غم کو اپنا غم سمجھتے ہیں۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے بھی اس موقع پر زلزلہ زدگان کے لئے ایران کی جانب سے امداد اور ضروری اشیا پہچانے کے لئے شکریہ ادا کیا اور قدردانی کی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حسین امیرعبداللہیان سے دو طرفہ اور علاقائی معاملات پر گفتگو ہوئی اور توانائی، تجارت اور نقل و حمل میں توسیع اور دہشت گردی کے مقابلے کے لئے مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا گیا۔
مولود چاؤش اوغلو نے کہا کہ ترکیہ مختلف میدانوں، بالخصوص تہران سے گیس کی خریداری کے سلسلے میں ایران کے ساتھ تعاون میں اضافہ کرے گا۔
یاد رہے کہ حسین امیرعبداللہیان، منگل کی رات ترکیہ پہنچے جہاں انہوں نے پہلے زلزلہ زدہ علاقوں کا معائنہ کیا اور پھر ترک حکام سے دارالحکومت انقرہ میں ملاقات اور گفتگو کی۔