تہران و ریاض کے تعلقات کی بحالی، علاقے میں امریکی تسلط پسندی کا خاتمہ ہے: جنرل صفوی
جنرل یحیی رحیم صفوی نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی سے علاقے میں امریکہ کی تسلط پسندی کے سامنے فل اسٹاپ لگ جائے گا۔
سحر نیوز/ ایران: فوجی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اعلی جنرل یحیی رحیم صفوی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زور دیکر کہا کہ امریکیوں اور صیہونیوں کے زوال کا دور شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک اور مشرق کی جانب، اسلامی جمہوریہ ایران کی نگاہ کا نتیجہ ایران کے جیوپولیٹیکل طاقت میں اضافے کی شکل میں سامنے آئےگا ۔
جنرل سید یحیی رحیم صفوی نے کہا کہ ایران، یوکرین کے معاملے میں امریکہ اور یورپ کے اختلافات اور دوسری جانب تائیوان کے مسئلے کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات اور امریکہ اور اس کے یورپی اتحادیوں کی جانب سے روس، چین اور ایران کو درپیش خطرہ وہ مواقع ہیں جن کی بنیاد پر تہران، ماسکو اور بیجنگ ایک متحدہ پالیسی اپنا سکتے ہیں ۔
رہبر انقلاب اسلامی کے فوجی مشیر نے اس موقع پر چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ تہران اور ریاض کے درمیان تعلقات کی بحالی سے، نیٹو اور مغربی مداخلت پسندیوں کے سامنے ایک دیوار کھڑی کی جاسکتی ہے۔