Mar ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
  • ایران کی پالیسی علاقے میں امن و استحکام کی برقراری ہے، کمال خرازی

اسلامی جمہوریہ ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹجک کونسل کے سربراہ سید کمال خرازی نے بیروت میں لبنان کے صدر سے ملاقات میں کہا کہ ایران کی پالیسی علاقے کے ملکوں میں امن و استحکام کی برقراری ہے

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹجک کونسل کے سربراہ سید کمال خرازی نے لبنان کے صدر کے ساتھ ملاقات میں ایران اور لبنان کے دوستانہ تعلقات کا ذکرکرتے ہوئے دونوں ملکوں کے مابین زیادہ سے زیادہ تعلقات کی توسیع پر زور دیا ۔
کمال خرازی نے لبنان میں اپنے قیام کے دوران لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے بھی ملاقات کی، اس ملاقات میں لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے لبنان کی تازہ ترین سیاسی صورتحال اور لبنان کے نئے صدر کے انتخاب کے تعلق سے تفصیلی گفتگو کی اور کہا کہ لبنان میں حکومت کی تشکیل صرف لبنانی گروہوں کے درمیان تعمیری گفتگو کے ذریعے ہی ممکن ہے 
ایران کے خارجہ تعلقات کی اسٹریٹجک کونسل کے سربراہ سید کمال خرازی نے لبنان کے وزیرخارجہ عبداللہ بوحبیب سے ملاقات میں کہا کہ  ایران  بیروت میں ایک مضبوط اور مستحکم حکومت کی تشکیل کی حمایت کرتا ہے - انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنان میں ایک ایسی مضبوط اور طاقتور حکومت کی تشکیل چاہتا ہے جو اغیار کی مداخلت کے بغیر اور لبنانی عوام کی خواہشات کے مطابق ہو۔ اس ملاقات میں اسی طرح اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا 
لنبان کے وزیرخارجہ نے بھی ایران اور لبنان کے دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے حالیہ سمجھوتے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس سے علاقے میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی اور خطے میں زیادہ استحکام پیدا ہوگا ۔

ٹیگس