وزارت خارجہ کی دمشق میں حملوں کی مذمت
اسلامی جمہوریہ ایران نے ایک بار پھر شام پر صیہونی حکومت کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جمعرات کو دمشق میں ہونے والے صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت افسوس اور تعجب کا مقام ہے کہ بین الاقوامی برادری شام کی ائیرپورٹ، غیر فوجی مقامات اور حتی رہائشی علاقوں پر صیہونی ریاست کے حملوں پر موثر ردعمل نہیں دکھا پائی اور یہی چیز اس بات کا باعث بنی ہے کہ صیہونی ریاست کو ایک آزاد اور یو این کے رکن ملک پر بار بار حملوں اورجرائم کے ارتکاب کا حوصلہ ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے جارحانہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور دراصل یہ صیہونی ریاست کی طرف سے داخلی بحران سے توجہ ہٹانے کی کوششوں کا حصہ ہیں اور وہ شام میں استحکام اور اس ملک کے دوسرے ممالک سے قائم ہوتے تعلقات تلملانے کا اظہار ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور دوسرے ذمہ دار اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ جارح ملک کے خلاف اقدام اٹھائیں اور یو این چارٹر کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے صیہونی ریاست کو ایک خودمختار ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف سنگین کاروائیاں کرنے سے روکے۔