امریکہ کو بھی لبنان پر حملوں کا جواب دینا پڑے گا؛ ناصر کنعانی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بیروت پر صیہونی حکومت کی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کو بھی ان حملوں کا جواب دینا پڑے گا۔
سحرنیوز/ایران: ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت نے بیروت کے علاقے ضاحیہ پر امریکی بموں سے حملہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت نے یہ حملہ کرکے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ عالمی برادری کی خاموشی کی وجہ سے صیہونی حکومت کے حملوں اور جارحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی عوام نے غاصب صہیونیوں کے خلاف تاریخی قیام اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے۔ دو ہزار چھے کی تینتیس روزہ جنگ میں صہیونی حکومت گھٹنے پر مجبور ہوگئی تھی۔
آج بھی لبنانی عوام مزاحمتی تحریک کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے اور صہیونی حکومت اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہو گی۔
ناصر کنعانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران لبنانی عوام، حکومت اور مزاحمتی محاذ کا ہمیشہ کی طرح ساتھ دے گا۔