خلا میں ہتھیاروں کی تعیناتی کا بڑھتا ہوا خطرہ
اقوام متحدہ میں ایران کے فرسٹ ایڈوائزر نے تاکید کی ہے کہ خلا میں ہتھیاروں کی تعیناتی کا خطرہ تشویشناک بنا ہوا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے فرسٹ ایڈوائزر حیدر علی بلوجی نے اقوام متحدہ کے ترک اسلحہ کمیشن کے اجلاس میں ایٹمی ترک اسلحہ اور عدم پھیلاؤ اور اسی طرح شفافیت سازی اور خلا میں اعتماد کی بحالی کے لئے ایران کے مواقف کی وضاحت کی۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے فرسٹ ایڈوائزر حیدر علی بلوجی نے ایران کے ایٹمی اور دفاعی میزائل پروگرام کے خلاف امریکہ، برطانیہ، فرانس اور غاصب صیہونی حکومت کے بے بنیاد دعوے کو مسترد کرتے ہوئے تاکید کی کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی نے ایران کے ایٹمی پروگرام کے پرامن ہونے کی بارہا تصدیق کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ خلا میں ہتھیاروں کی تعیناتی کا خطرہ ایران کے لئے باعث تشویش بنا ہوا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے فرسٹ ایڈوائزر نے ایران مخالف صیہونی سازشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیار علاقے کے تمام ملکوں کے لئے خطرناک ہیں جبکہ یہ غاصب حکومت ان ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی بھی دے چکی ہے۔
حیدر علی بلوجی نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت نے ایران میں ایٹمی سائنسدانوں پر دہشت گردانہ حملے اور ایران کی جوہری تنصیبات پر تخریب کارانہ حملے کئے ہیں۔
انھوں نے صیہونی حکومت کو این پی ٹی میں شامل کرنے کے لئے اس غاصب حکومت پر دباؤ ڈالے جانے اور اس کی ایٹمی سرگرمیوں پر آئی اے ای اے کی نگرانی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔