Apr ۲۲, ۲۰۲۳ ۰۵:۵۸ Asia/Tehran
  • اسلامی ممالک کے سربراہان کو  ایرانی صدر کی جانب سے عید الفطر کی مبارکباد

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے عید الفطر کے موقع پر اسلامی ممالک کے سربراہان کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں مبارکباد پیش کی ہے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے عید سعید فطر کی مناسبت سے اسلامی ممالک کے سربراہان کے نام اپنے الگ الگ پیغامات میں اسلامی ممالک کے سربراہان اور مسلمانوں کو عید سعید فطر کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے عید فطر کو رحمت، برکت اور امن و آشتی کا پیغام اور نیک بندوں کے لیے فخر اور مسرت کا دن قرار دیا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ ہمیں امت مسلمہ میں ہمدردی، اخوت اور بھائی چارہ کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہیے اور اس سلسلے میں اسلامی تعلیمات کے مطابق عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عالم اسلام میں امن و صلح و استحکام کی جانب توجہ مبذول کرنی چاہیے اور غیر علاقائي طاقتوں کو خطے کے امن و امان کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

ایران، پاکستان، ہندوستان، عراق، عمان، ملائیشیا،انڈونیشیا برونئی، آسٹریلیا سمیت کئی ممالک میں آج عید فطر ہے جبکہ سعودی عرب، بحرین، قطر، شام ، متحدہ عرب امارات ، ترکیه، مصر، کویت، یمن، فلسطین، لبنان ، اردن اور افغانستان میں کل عید منائی گئی۔

ٹیگس