ایرانی فوج کے ہلکے ہتھیاروں کے سیمولیٹر سسٹم کی رونمائی
اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائی دفاعی فورس کے کمانڈر کی موجودگی میں ہلکے ہتھیاروں کے سیمولیٹر سسٹم مصاف ایک کی رونمائی کی گئی۔
سحرنیوز/ایران: ایسنا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی فضائی دفاعی فورس کے کمانڈر بریگیڈیر جنرل علی رضا صباحی فرد نے ملک کے جنوب مغرب میں فضائی دفاعی فورس کے علاقے کے دورے کے موقع پر اس علاقے میں ہلکے ہتھیاروں کے سیمولیٹر سسٹم مصاف ایک کی رونمائی کی۔ انھوں نے اس کی تقریب رونمائی میں کہا کہ دینی اور روحانی جذبے کے ساتھ ساتھ فوجی مہارت اور صلاحیت و توانائی میں اضافہ کرنا ایک فوجی کے فرائض میں شامل ہے۔
انھوں نے فوج میں جوش و جذبے کی حامل افرادی قوت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی مسلح افواج میں مختلف قسم کے ہتھیاروں کی موجودگی کے باوجود مختلف فاصلے تک مار کرنے والے انواع و اقسام کے ہتھیاروں اور نظاموں کو ڈیزائن کرنے اور بنانے کا راستہ ہموار ہوا ہے اور دشمنوں میں ایران پر حملہ کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔
واضح رہے کہ ہلکے ہتھیاروں کی شوٹنگ کا سیمولیٹر سسٹم ایک سافٹ ویئر کے ذریعے فائرنگ کے تمام میدانوں کی نقل تیار کرتا ہے اور جی تھری، کلاشنکوف اور ریوالور کے ذریعے لیزر کی مدد سے فائرنگ کا امکان فراہم کرتا ہے اور فائرنگ کرنے والا اپنے آپ کو حقیقی ماحول میں محسوس کرتا ہے۔