May ۰۳, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۶ Asia/Tehran
  • خطے اور خطے سے باہر کی بہت سی تبدیلیاں تہران اور دمشق کے برادرانہ تعلقات کو متاثر نہیں کر سکیں: صدر ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے دہشت گردی کے خلاف شام کی حکومت اور قوم اور مزاحمت کے محاذ کی کامیابی اور بدامنی کے سخت دور کے گزر جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے اور خطے سے باہر کی بہت سی تبدیلیاں تہران اور دمشق کے برادرانہ تعلقات کو متاثر نہیں کر سکی ہیں۔

سحرنیوز/ایران: صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے ایران اور شام کے اعلی رتبہ وفود کے مشترکہ اجلاس میں کہا کہ جو لوگ کل تک شام کے بارے میں ایران کے سیاسی موقف اور پوزیشن اور نقطۂ نظر کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار تھے آج وہ قائل ہو گئے ہیں کہ یہ موقف صحیح اور منصفانہ تھا۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران جس طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی حکومت اور قوم کے شانہ بشانہ کھڑا رہا اسی طرح اس کی آبادکاری اور ترقی و پیشرفت میں بھی شامی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

دوسری جانب شام کے صدر بشار اسد نے بھی اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے سخت اور بحرانی دنوں میں شام کی حکومت اور عوام کی مدد و حمایت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شام کی حکومت اورعوام اپنے ایرانی بھائیوں کی محبتوں اور مدد کو فراموش نہیں کریں گے۔

ایران اور شام کے صدور نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے دونوں قوموں اور علاقے کی دیگر اقوام کے مفادات کو پورا کرنے کے لیے اسلامی جمہوریہ اور شام کے اسٹریٹجک اور طویل مدت تعاون کے جامع پروگرام کی اہمیت پر زور دیا۔

 اس سے پہلے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی  جب اپنے تاریخی دورے پر شام پہنچے تو دمشق میں پیپلزپیلس میں شام کے صدر بشار اسد نے ان کا انتہائی پرتپاک سرکاری استقبال کیا۔

 استقبالیہ تقریب میں پہلے دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد دونوں ملکوں کے صدور نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ صدر سید ابراہیم رئیسی اور بشار اسد نے اپنے اعلی رتبہ حکام کا تعارف کرایا۔

دمشق ہوائی اڈے سے پیپلز پیلیس کے راستے میں شام کے عوام نے بھی ایران کے صدر کا والہانہ استقبال کیا۔ سڑک کی دونوں جانب لوگ ایران اور شام کے پرچم لئے ایران کے صدر کو خوش آمدید کہہ رہے تھے اور صدر نے بھی اپنی کار سے اتر کر شام کے عوام کی محبتوں کا جواب ہاتھ ہلا کر دیا۔

ٹیگس