ایران اور افغانستان کے درمیان ریلوے سرویس کا آغاز
تجرباتی طور پر ایران کی پہلی ٹرین ہرات خواف ریلوے لائن کے ذریعے مغربی افغانستان کے شہر ہرات پہنچی۔
سحر نیوز/ ایران: افغانستان میں طالبان انتظامیہ کے برسر اقتدار آنے کے بعد پیر اور منگل کی درمیانی رات ایران کی پہلی ٹرین تجرباتی طور پر افغانستان کے شہر ہرات پہنچی ۔ ہرات کے محکمہ نقل و حمل کے حکام نے کہا ہے کہ ایران اور افغانستان کے درمیان جلد ہی ریلوے سرویس کا آغاز ہو جائے گا۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ سابق افغان حکومت کے دور میں ایسی ہی ایک مال بردار ٹرین تجرباتی طور پر روزنک ریلوے اسٹیشن پہنچی تھی مگر افغانستان میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے بعد یہ سلسلہ روک دیا گیا تھا۔
اقتصادی ماہرین نے اس ریل سرویس کو تجارتی و اقتصادی لحاظ سے خاص اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔
ادھر ہرات کے حکام اور عوام نے بھی اس ریل سرویس کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سرویس میں پائی جانے والی خامیاں دور کر کے جلد ہی اس ریل سرویس کا باضابطہ طور پر آغاز ہو جائے گا۔