May ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۳:۱۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کی توسیع میں کوئی حد معین نہیں، ایران

ایران کی پارلیمنٹ کے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں ایران کے دو طرفہ تعاون کی توسیع میں کوئی حد معین نہیں ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ایران کی پارلیمنٹ کے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ وحید جلال زادہ نے پاکستان کے صوبے سندھ کے صدر مقام کراچی میں پاکستان کے خارجہ تعلقات کی کونسل کی میزبانی میں منعقدہ ایک اجلاس میں کہا ہے کہ ایران کی پارلیمنٹ، پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو خاص اہیمت دیتی ہے اور اس وقت بھی تجارتی و اقتصادی تعاون کی توسیع ،توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران دو طرفہ تعلقات کے مسئلے میں کسی کی بھی  مداخلت کا قائل نہیں ہے۔

اس اجلاس میں کراچی میں ایران کے قونصلر جنرل حسن نوریان نے بھی کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ سرحدوں کو خطرے کا ذریعہ نہیں بلکہ دونوں ملکوں کے عوامی تعلقات کی تقویت اور دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعاون کے فروغ کے وسیلے میں تبدیل کرنے کا سنجیدہ عزم رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گذشتہ سال دو ارب ڈالر سے زائد کی سرحدی تجارت ہوئی ہے جبکہ دونوں ہی ممالک اس شرح کو پانچ ارب ڈالر تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

اس اجلاس میں شریک بعض فریقوں نے ایران سعودی عرب تعلقات، عالم اسلام کے مختلف مسائل ، شام، یمن اور جوہری سمجھوتے کے بارے میں سوالات بھی کئے جن پر ایران کی پارلیمنٹ کے خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کمیشن کے سربراہ وحید جلال زادہ نے ایران کے موقف پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

ٹیگس