ایران اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی مفاہمت
ایران کے وزیر اقتصاد و خزانہ نے کہا ہے کہ ایران و سعودی عرب کے درمیان اچھی اقتصادی مفاہمت ہو رہی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر اقتصاد و خزانہ سید احسان خاندوزی نے، جو اسلامی ترقیاتی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے جمعرات کو جدہ پہنچے ہیں، اس اجلاس کے موقع پر ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اس اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے وزیر اقتصاد سے بھی ملاقات ہو گی اور ان کا خیال ہے کہ ایران و سعودی عرب کے درمیان اچھی اقتصادی مفاہمت ہو رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ پڑوسی اور عرب ملکوں کے ساتھ تعلقات کی تقویت ایران کی موجودہ حکومت کی پالیسی میں شامل ہے اور تہران ہر اس اقدام کا خیرمقدم کرے گا جو ان تعلقات کو قریب کرنے اور مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔
ایران کے وزیر اقتصاد و خزانہ سید احسان خاندوزی نے کہا کہ ایران کی حکومت اقتصادی بحرانوں پر غلبہ پانے، اسلامی ملکوں کے درمیان ٹیکنالوجی کے تبادلے اور عالم اسلام اور خاص طور سے علاقے کے ملکوں کے درمیان اقتصادی مفاہمت کے حصول پر خاص توجہ دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ او آئی سی کے پچاس سے زائد رکن ملکوں کے حکام کی شرکت سے اسلامی ترقیاتی بینک کا سالانہ اجلاس سعودی عرب کے شہر جدہ میں جمعے کو شروع ہو گیا۔