دنیا میں انسانیت سوز جرائم اور ظلم و بے انصافی، اخلاق و ایمان سے دوری کا نتیجہ: صدر ابراہیم رئیسی
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ ترقی کرنے کے باوجود بہت سے معاشرے ایمان و اخلاق سے عاری ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات سے دوچار ہیں جبکہ تہذیب و تمدن کی بنیاد کہ جس کی نوید انبیائے کرام ع نے دی ہے، عقلانیت، معنویت، اخلاق اور عدالت ہے۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے مشرقی آشوری چرچ کے عالمی رہنما پیٹریارک ماروا سوم اور ان کے ہمراہ وفد سے گفتگو میں اخلاق و ایمان کو انسانیت اور انسانی برادری کا محوری مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ ادیان الہی میں خاصطور سے باوقار شخصیات کی جانب سے اگر اخلاق و ایمان پر صحیح طرح سے روشنی ڈالی جائے تو سماج و معاشروں کے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں ۔
صدر مملکت نے کہا کہ انسان کی ضرورت صرف رفاہ و آسائش اور ترقی نہیں، بلکہ غفلت کے شکار ترقی یافتہ معاشروں کی ایک اہم ترین ضرورت اخلاق اور خدا سے گہرا رابطہ ہے۔ انھوں نے دنیا کے مختلف علاقوں میں جاری انسانیت سوز جرائم اور ظلم و بے انصافی کو اخلاق و ایمان سے دوری کا نتیجہ قرار دیا۔
اس ملاقات میں مشرقی آشوری چرچ کے عالمی رہنما نے بھی ایرانی حکام کی جانب سے مختلف ادیان کے مابین مذاکرات کے اہتمام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے اقتدار میں مختلف ادیان کی نمائندگی کو ایران کے نظام اسلامی کی جانب سے مختلف ادیان الہی کے احترام پر گہری توجہ کا آئینہ دار قرار دیا۔ انھوں نے عراق و شام میں ایمان اور انسانیت کے تحفظ کے لئے داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف ایران کی جدوجہد کی قدردانی بھی کی۔