ایران؛ خاتون ایتھلیٹ کو سونے اور تائکوانڈو کھلاڑیوں کو کانسی کے تمغے
Jun ۰۴, ۲۰۲۳ ۱۰:۰۴ Asia/Tehran
کھیل کے مختلف میدانوں میں ایران نے مزید کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
سحر نیوز/ایران: سومیٹر کی ریس کے بین الاقوامی مقابلوں میں ایران کی خاتون ایتھلیٹ فرزانہ فصیحی نے پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ ترکیہ کے شہر بورسا میں ہونے والے ریس کے اِن بین الاقوامی مقابلوں کے فائنل راؤنڈ میں فرزانہ فصیحی نے سو میٹر کی مسافت گیارہ اعشاریہ نو ایک سیکنڈ میں طے کی اور پہلے نمبر پر رہیں۔
دوسری جانب آذربایجان میں ہو رہے تائیکوانڈو کے بین الاقوامی مقابلوں میں ایران کے دو کھلاڑیوں نے کانسی کے تمغے حاصل کئے ہیں۔ جمہوریہ آذربایجان کی میزبانی میں دارالحکومت باکو میں تائیکوانڈو ورلڈ چیمپیئن شب کے مقابلے جاری ہیں جہاں گزشتہ روز ایران کے متین رضائی اور آرین سلیمی کانسی کے تمغے حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔