شفافیت اور ایمانداری ملک و معاشرے کی فلاح و بہبود کی بنیادی شرط: صدر مملکت ڈاکٹر پزشکیان
صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے ایک خطاب میں شفافیت اور ایمانداری کو ملک، شہر اور معاشرے کی فلاح وبہبود کی بنیادی شرط قرار دیاہے۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے جمعرات کو ایران کے شمال مغربی صوبے قزوین کے دورے کے موقع پر دانشوروں اور ماہرین تعلیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ملک، شہر اور معاشرہ اچھا ہو تو ہمیں صحیح معنوں میں کوشش کرنی چاہیے اور لوگوں کے ساتھ کُھلی کتاب کی طرح اور ایمانداری سے پیش آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بعض مشکلات کی وجہ یہ ہے کہ ہم عملی طور پر وہ نہیں کرتے جس کا ہم دعویٰ کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے یہ بات زور دے کر کہی کہ کسی بھی مسئلے میں عوام کے تعاون اور حمایت کے بغیر کامیابی اور مقصد کا حصول ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سماجی سرمائے اور عوام کی شرکت اور حمایت پر بھروسہ کرتے ہوئے تمام مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔