ایران کا بحری بیڑا ورٹیکل میزائل لانچنگ سسٹم سے لیس: ایڈمرل تنگسیری
ایران کی بحریہ کے جہازوں پر ورٹیکل لانچنگ سسٹم اور دو ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر اہداف کو نشانہ بنانے والے میزائل نصب کئے جا چکے ہیں۔
سحر نیوز/ ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ کے کمانڈر ان چیف ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس وقت اپنی ضرورت کے تمام بحری جہاز اور میزائل ملک کے اندر تیار کر رہے ہیں جس سے سب لوگ حیرت زدہ ہو کر رہ گئے ہیں ۔
ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا کہ جن لوگوں نے ہمارے دفاعی وسائل اور طاقت کے محض چند نمونوں کو دیکھ کر ہی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ایران کی اس سطح کی ترقی، ان کے تصور سے بالاتر تھی۔
سپاہ پاسداران کی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ اتنی ترقی و پیشرفت شدید ترین پابندیوں کے باوجود حاصل ہوئی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم باصلاحیت ہیں اور کر دکھا سکتے ہیں کے جذبے میں اور بھی اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہتھیاروں اور دفاعی سسٹم کے لحاظ سے ایران کا شمار علاقے کی چند بڑی طاقتوں میں ہوتا ہے اور دشمن طاقتیں، اسی سے خوفزدہ ہوکر ہمارے لئے مسائل پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے بحری بیڑے کو ورٹیکل لانچنگ سسٹم اور دو ہزار کلومیٹر کے فاصلے تک اہداف کو نشانہ بنانے والے میزائل نصب کئے جا چکے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ وی ایل ایس یا ورٹیکل لانچنگ سسٹم، ایک پیچیدہ سسٹم ہے جس کے ذریعے مختلف نوعیت کے میزائلوں کو جہازوں یا پھر آبدوزوں سے داغنے کا امکان فراہم ہوتا ہے۔