Jun ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۵:۱۹ Asia/Tehran
  • یکطرفہ جبری اقدامات فورا ختم کیے جائیں: ایران

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے امیر سعید ایروانی نے یکطرفہ جبری اقدامات کو ختم کیے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات موسمیاتی تبدیلیوں کو کم کرنے کی کوششوں میں ملکوں کی شرکت کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔

سحر نیوز/ ایران: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے نے موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی امن و سلامتی کے بارے میں سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی تعاون، یکجہتی اور اجتماعی اقدام کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کے کنونشن یو این ایف سی سی سی اور پیرس معاہدے جیسے بین الاقوامی معاہدے اس مسئلے کا فوری جائزہ لینے کے لیے بنیاد فراہم کرتے ہیں۔

امیر سعید ایروانی نے مزید کہا کہ ایران کو دوسرے ممالک کی طرح آلودگی، پانی کی کمی، ریت اور گردوغبار کے طوفانوں، صحراؤں میں اضافے اور حیاتیاتی تنوع کی تباہی جیسے ماحولیاتی چیلنجوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا ہے اور ان چیلنجوں اور مشکلات میں امریکہ کے یکطرفہ جبری اقدامات کی وجہ سے اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے اور سفیر کا کہنا تھا کہ امریکہ کے اقدامات قابل تجدید توانائیوں اور ماحول دوست ٹیکنالوجیوں تک رسائی میں سرمایہ کاری اور بین الاقوامی فنڈنگ حاصل کرنے میں رکاوٹ بن رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں ایران میں ماحولیات کی تباہی صاف اور پاکیزہ ماحول اور معیاری زندگی رکھنے کے عوام کے حقوق پر منفی اثر ڈال رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسے سنگین اور واضح چیلنجوں کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران اپنے وعدوں پر قائم ہے۔

ٹیگس