پرامن ایٹمی تعاون کا دائرہ جنوبی امریکہ تک بڑھ رہا ہے: ایران
ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نے کہا ہے بہت جلد وینیزوئیلا اور لاطینی امریکہ کے دوسرے ممالک کے ساتھ ایٹمی میدان منجملہ، ریڈیو میڈیسن اور پر امن ایٹمی ٹیکنالوجی کے دوسرے شعبوں میں تعاون کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے گذشتہ رات ایک تفصیلی ٹی وی انٹرویو کے دوران بتایا کہ ایران کے ایٹمی سائنسدانوں نے پہلی بار گاما رے کا سسٹم تیار کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جس کا حجم بیس ٹن بتایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی نوجوان ماہرین کی دن رات کی کوششوں کے نتیجے میں، ایٹمی توانائی کے زیادہ تر شعبوں میں ترقی اور خودکفالت حاصل کرچکی ہیں اور اب ایران کا نام ریڈیو میڈیسن تیار کرنے والے بڑے ممالک کی فہرست میں دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے میں پچاس سے زیادہ قسم کی ریڈیو ادویات تیار کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ کینسر کی تشخیص اور علاج کے سلسلے میں بھی ایرانی ایٹمی سائنسدانوں نے بڑے قدم اٹھائے ہیں اور اب ان کی تیار کی گئی ادویات کو کلینیکل ٹیسٹ کے مرحلے میں داخل کیا جا چکا ہے۔
محمد اسلامی نے یہ بھی کہا کہ پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی کے شعبے میں جنوبی امریکہ کے ساتھ تعاون کے بہت سے مواقع موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وینزویلا کے ساتھ تعاون کی زمین ہموار ہوچکی ہے اور بہت جلد ریڈیو میڈیس اور پر امن ایٹمی توانائی کے دیگر شعبوں میں کاراکاس کے ساتھ مشترکہ منصوبوں پر کام شروع ہوجائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کا شمار ریڈیو ادویات اور ایٹمی پیداوار کے ذریعے علاج کے شعبے میں سرگرم پانچ بڑے ممالک میں کیا جاتا ہے۔