ایران نے لاطینی امریکہ کی ٹیکنالوجی مارکیٹ فتح کر لی
ایران اور ونزویلا کے پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ نے کہا ہے کہ لاطینی امریکہ کے ساتھ ایران کا اقتصادی تعاون سونے کی کان کنی، پیٹرو کیمیکلز، ریفائنریوں اور فارماسیوٹیکل کے شعبوں میں ایران کی سائنس اور ٹیکنالوجی کی مصنوعات کی برآمدات کے لیے ان ممالک کی ٹیکنالوجی مارکیٹوں کو فتح کرنے کا باعث بنے گا۔
سحر نیوز/ ایران: ایران اور ونزویلا کے پارلیمانی دوستی گروپ کے سربراہ محمد مہدی مفتح نے ارنا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی کے لاطینی امریکہ کے دورے کو اہم اورکامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ونزویلا، کیوبا اورنکاراگوا امپیریلزم کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں سیاسی لحاظ سے ایران کےساتھ اچھی ہم آہنگی رکھتے ہیں ۔ انھوں نے ایران اور لاطینی امریکہ کے تعلقات کی اقتصادی گنجائش اور توانائی میں اضافے کو اس دورے کا مرکزی نقطہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے دوران ایران اور لاطینی امریکہ کے اہم ملکوں کے درمیان متعدد معاہدوں پر دستخط کیے گئے کہ جن سے دنیا میں ایران کی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی اور ان سے لاطینی امریکہ کو اسلامی جمہوریہ ایران کی ٹیکنالوجی کی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔
محمد مہدی مفتح کا کہنا تھا کہ لاطینی امریکہ کے ساتھ ایران کا اقتصادی تعاون مختلف شعبوں میں ایران کی سائنس اور ٹیکنالوجی کی مصنوعات کی برآمدات کے لیے ان ممالک کی ٹیکنالوجی مارکیٹوں کو فتح کرنے کا باعث بنے گا کہ جس سے ایران کے تعلیم یافتہ اور ماہر نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی لاطینی امریکہ کے تین ملکوں ونزویلا، نکاراگوا اور کیوبا کا دورہ مکمل کر کے کل شام تہران واپس پہنچ گئے۔
انھوں نے اس دورے سے واپسی پر کہا کہ اس دورے کے دوران تعاون کے پینتیس معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور ان کی حکومت مشرق و مغرب ، لاطینی امریکہ اور تمام ملکوں کو متوازن نظر سے دیکھتی ہے۔
اسلامی انقلاب کی کامیابی کی بعد سے لے کر اب تک ایران نے نکاراگوا، کیوبا، ونزویلا اور بولیویا جیسے لاطینی امریکہ کے ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کیے ہیں کہ جو امریکہ کی سرکردگی میں عالمی استکبار اور امپیریلزم کا مقابلہ کرنے میں ایک طویل ماضی رکھتے ہیں۔
حالیہ برسوں کے دوران ایران اور لاطینی امریکہ کے اہم ملکوں کے تعلقات میں مسلسل بہتری آئی ہے اور یہ تعلقات سیاسی، اقتصادی، تجارتی، صنعتی اور انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تیزی کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔