Jun ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۷:۲۵ Asia/Tehran
  • پابندیوں کے باوجود ایران کی ایٹمی صنعت کی کامیابی دوسری صنعتوں کے لیے نمونہ ہے: صدر رئیسی

ایران کے صدر نے ایٹمی صنعت کے نتائج اور مصنوعات کی نمائش کے معائنے کے موقع پر اس بات پر زور دیا ہے کہ پابندیوں کے باوجود ایٹمی صنعت کی کامیابی دوسری صنعتوں کے لیے نمونہ ہے۔

سحر نیوز/ ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ پابندیوں کے باوجود ایٹمی صنعتوں میں جو کامیابیاں، توانائیاں اور ٹیکنالوجیاں حاصل ہوئی ہیں، ہمیں انھیں دوسری صنعتوں خاص طور پر گاڑیاں بنانے کی صنعت کو منتقل کرنا چاہیے تاکہ وہ کامیابی کے اس مرحلے تک پہنچ جائیں ۔

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی نے اس نمائش کے معائنے کے موقع پر کہا کہ ایٹمی صنعت کے نتائج اس حقیقت کی عکاسی کرتے ہیں کہ ایران کے نوجوانوں اور سائنس دانوں نے کس طرح ان پابندیوں اور دھمکیوں کو موقع میں تبدیل کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نما‏‏ئش کا انعقاد ملک کی ایٹمی صنعت کی جانب سے دوسری صنعتوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ کس طرح اتنی زیادہ پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود اتنی بڑی کامیابیوں کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔

صدر رئیسی کو اس نمائش کے موقع پر ماہرین نے ایٹمی صنعت کے تازہ ترین کام اور نتائج کی تفصیلات اور ملک کے اقتصاد اور لوگوں کی روزمرہ کی زندگی پر اس کے اثرات کے بارے میں بریفنگ دی۔

صدر مملکت سید ابراہیم رئیسی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ایٹمی شعبے میں علم و دانائی کو توانائی میں تبدیل کرنے سے آج لاکھوں لوگوں کی جان بچی ہے کہ جو ملک کے عظیم افتخارات میں سے ہے۔

صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا میں بعض لوگ یہ خیال کرتے ہیں کہ ایٹمی ہتھیار بنانے سے طاقت حاصل ہوتی ہے لیکن اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا کہا ہے کہ اس کے باوجود کہ ملک میں ایسی توانائی موجود ہے لیکن دینی اعتقادات اور رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید کومدنظر رکھتے ہوئے ہم کبھی بھی ایٹمی ہتھیار بنانے کی طرف نہیں جائیں گے۔

ٹیگس