سویڈن کی حکومت نےگستاخی کے مرتکب مجرم کی حمایت کر کے عالم اسلام کے خلاف جنگ کا محاذ کھول دیا ہے: رہبر انقلاب اسلامی
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ سویڈن کی حکومت نے مجرم کی حمایت کر کے عالم اسلام کے خلاف جنگ کا محاذ کھول دیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کو ایک تلخ، سازشی اور خطرناک واقعہ قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام علمائے اسلام کا اس بات پراتفاق ہے کہ اس بے حرمتی کے مرتکب گستاخ شخص کو سخت ترین سزا ملنی چاہئیے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کے بعد ایک پیغام میں فرمایا ہے کہ سویڈن کی حکومت کو چاہیے کہ وہ گستاخی کے مرتکب شخص کو اسلامی ممالک کے عدالتی اداروں کے حوالے کرے۔
حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے پیغام میں آیا ہے کہ سویڈن کی حکومت کو جان لینا چاہیے کہ اس نے مجرم کی حمایت کر کے عالم اسلام کے خلاف جنگ کا محاذ کھول دیا ہے اور مسلم اقوام اور بہت سی مسلمان حکومتوں کی نفرت اور دشمنی مول لی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ سویڈن کی حکومت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس جرم کے ذمہ دار کو اسلامی ملکوں کی عدالتوں کے حوالے کرے۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ اس کے پس پردہ سازش کرنے والوں کو بھی جان لینا چاہیے کہ قرآن مجید کا احترام اور اس کی شان و شوکت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے اور اس کی ہدایت کے روشنی اور زیادہ پھیل جائے گی ۔ اس قسم کی سازشوں اور اس پرعمل کرنے والوں کی اتنی حیثیت نہیں ہے کہ وہ اس کی بڑھتی ہوئی درخشندگی کو روک سکیں۔