Aug ۰۳, ۲۰۲۳ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کے تعلقات میں ایک نیا باب رقم ہوا ہے: ایرانی وزیر خارجہ

ایران اور پاکستان کے وزرائے خارجہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لئے بات چیت کریں گے۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کل رات پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچنے پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ حکومت کی پالیسیوں سے دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات میں ایک نیا باب رقم ہوا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ کا حالیہ دورہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ گزشتہ دو دنوں سے ایران کی اقتصادی ٹیم بھی اسلام آباد میں موجود ہے اور دونوں ممالک کے درمیان موثر مذاکرات جاری ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ حالیہ دورے میں پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے علاوہ بعض دیگر حکام سے سیاسی، اقتصادی، تجارتی، سرحدی اور سیاحتی تعلقات پر بھی بات چیت کریں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ حسین امیرعبداللہیان کی سربراہی میں ایران کے اعلی وفد کے اسلام آباد میں داخلے کے ساتھ ہی پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ یہ دورہ، علاقائی رابطے کے ساتھ ساتھ ، تمام شعبوں میں تعاون میں فروغ پر توجہ دینے کا بھی  ایک اچھا موقع ہے۔
بیان میں بتایا گيا ہے کہ ایران کے وزير خارجہ جمعرات کو پاکستان کے وزير خارجہ بلاول بھٹو زرداری  سے ملاقات اور دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں نیز علاقے کی نئی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ پاکستان کے وزیراعظم سے بھی ملاقات کريں گے اور قریبی تعاون میں مزید فروغ کے لئے دونوں ملکوں کے سربراہوں کے اتفاق رائے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
امیرعبداللہیان اسی طرح پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اور سینیٹ کے چیئرمین سے بھی ملاقات اور پارلیمانی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ  ہے۔ انہوں نے تقریبا 2 برس قبل بھی افغانستان کے بارے میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی اجلاس میں شرکت اور پاکستانی حکام سے گفتگو کے لئے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گيا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ حسین امیرعبداللہیان 2 سے 4 اگست تک پاکستان کے سرکاری دورے پر رہيں گے۔

ٹیگس