ملیشیا کے وزیرخارجہ نے ایران کی وزارت خارجہ کے سیاسی اور بین الاقوامی مطالعاتی مرکز کا دورہ کیا
ملیشیا کے وزیر خارجہ نے ایران کی وزارت خارجہ میں سیاسی اور بین الاقوامی مطالعاتی مرکز کا دورہ کیا اور اس مرکز کے سربراہ سے ملاقات میں ریسرچ اور تھنک ٹینکس کے معاملات میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کئے۔
سحرنیوز/ایران: فارس نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملیشیا کے وزیر خارجہ زمبری عبدالقادر نے اپنے دورہ تہران کے دوران ایران کی وزارت خارجہ کے سیاسی اور بین الاقوامی مطالعاتی مرکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے اس مرکز کے سربراہ ڈاکٹر محمد حسن شیخ الاسلامی سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔
ایران کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں ایران اور ملیشیا کے درمیان تھنک ٹینکس اور یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون اور مختلف موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملیشیا کے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان علمی تعاون کو بہت اہمیت کا حامل قرار دیا اور اس میدان میں تعلقات کے فروغ پر ملیشیا کی آمادگی کا اظہار کیا۔